Symbol

Symbol
Let there be Peace

Wednesday, 10 June 2015

دستورِ زباں بندی

کچھ دن گزرے ایک شیعہ بہن کا بلاگ پڑھا بہت تکلیف محسوس ہوئی کہ ہم پر بھی نفرتوں کا وہی دور گزرا بچپن سے لے کر ابھی تک ۔۔اُن سسٹر سے تکلیف شئر کی تو بڑی شفقت سے فرمانے لگیں کہ ہاں یہ پاکستان میں تمام "اقلیتوں" کا مسئلہ ہے ،اُس کے بعد بہت دیر تک خاکسار یہ سوچتی رہی کہ یہ کیسا مسلمان ملک ہے جہاں مسلمان ہی اقلیت ہیں ۔۔بجائے اِس کے کہ یہاں مسلمان اکثریت آباد ہوتی یہاں مسلمان چھوٹی چھوٹی اقلیتوں میں بستے ہیں ۔۔۔۔پھر تو یہاں پر زیادہ امن ہونا چاہئے تھا کیونکہ اسلام کے مطابق اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت تو حکومت پر عائد ہوتی ہے۔۔۔لیکن شائد ہماری حکومتوں کی ذمہ داریاں کچھ اور ہیں اپنی اپنی ذات اپنا خاندان یا اپنی سیاسی مجبوریاں ۔۔۔یہی حال عام عوام کا ہے ۔۔۔بہر حال یہ خاکسار کا  موضوع نہیں ہے۔۔خیر تو میں ذکر کر رہی تھی شیعہ بہن کا تو اُن کے بلاگ کا اور کچھ ارد گرد کے حالات کا اثر ہوا کہ خاکسار نے کچھ ٹویٹس میں کچھ ثبوت کے ساتھ چھوٹے موٹے جماعت احمدیہ کے ساتھ ہونے والے مظالم کا ذکر کردیا ۔۔۔ارے یہ کیا ایک غیر سیاسی بھائی کی طبع نازک پر بہت ناگوار گزرافرمانے لگے کہ "تم لوگ ملک اور اسلام کے خلاف سازشیں کیوں کر رہے ہو؟؟ پاکستان اور اسلام کو بدنام کیوں کرتے ہو؟؟" ۔۔۔یعنی اگر آپ اپنے اوپر ہونے والے مظالم کا ذکر کرو تو یہ ظالم کے خلاف سازش ہے!! اور ظلم کی بدنامی ہے !! اناَّ لله وانَّا اليه راجعون
یہ کیسا دستورِ زباں بندی ہے تیری محفل میں ؟؟
موصوف مزید فرمانے لگے کہ پاکستان میں کیا تکلیف ہے تم لوگوں کو ؟؟آرام سے تو رہ رہے ہو!! (یعنی جو زندہ ہیں اُن کو احسان مند ہونا چاہئے کہ ابھی تک جیسے تیسے کرکے سرکاری مسلمانوں نے زندہ چھوڑا ہوا ہے زندگی چاہے جیسی بھی ہو !! ) تو
 بہت سے واقعات ذہن میں ایک فلم کی طرح گزرنے لگے جن کے لئے کسی حوالے یا ثبوت کی ضرورت نہیں کیونکہ وہ سب کسی نہ کسی طرح میری ذات سے جُڑے ہوئےہیں
مجھے یاد ہے جب پانچویں کلاس میں پڑھتی تھی سکول کا سارا کام کرنے کے باوجود سزا کا ملنا (گھر میں امی میرے ہاتھوں اور کمر پر نشان دیکھ کر رونے کے علاوہ کچھ نہیں کر پاتیں کہ گاؤں میں اور کوئی سکول نہیں تھا اور شکایت کرنے پر ظلم میں اضافہ ہونے کا خدشہ )کلاس میں سب سے اچھی اسٹوڈنٹ ہمیشہ استانی کے زیرِ عتاب رہتی قصور مرزائی (احمدی)ہونا ساتھی بچیوں کی نفرت الگ اور ٹیچر کے ظلموں کی داستان الگ جو کبھی نہیں بھول سکتی اُس وقت پانچویں کے سینٹر پر امتحان ہوتے وہاں نگرانی کسی اور گاؤں کی استانی کر رہی تھیں میرا پرچہ دیکھ کر بہت متاثر ہوئیں اور لے کر باقی استانیوں کو دکھانے لے گئیں بس پھر کیا تھا میری  مِس نے مجھے ایک بھی پیپر ڈھنگ سے نہ کرنے دیا اور مجھ سے باقی لڑکیوں کے پرچے حل کروائے اور رزلٹ کا اعلان کرتے وقت پہلی پوزیشنز بھی انہیں لڑکیوں کی اعلان کردیں اور رزلٹ شیٹ غائب کردی ۔یہ سب محض احمدیت سے نفرت تھی ۔۔ گاؤں کا ایک شریف چوہدری جس کی شرافت اور سچائی کے اپنےغیر سب گواہ تھے یہاں تک کہ اپنے نسل در نسل ہونے والے جائداد کہ جھگڑوں میں جہاں نوبت قتل و غارت تک پہنچی ہوئی تھی اُس میں محض اُس کو ثالث بنانے پر دونوں فریق راضی ہو جاتے ہیں اور اُس کے وعدے پر دونوں صلح کر لیتے ہیں ،جب گاؤں کی مسجد میں اذان نہ ہونے کے سبب فرطِ جذبات میں آکر تکبیربلند آواز میں پڑھتا ہے تو مسجد کے باہر وہی لوگ اُس کا گریبان پکڑنے کو تیار کھڑے ہیں اور آئندہ تکبیر اونچی آواز میں نہ کہنے کی تنبیہ کرتے ہیں مجھے اِس لئے پتہ کہ وہ چوہدری میرے والد صاحب مرحوم (اللہ تعالی انہیں کروٹ کروٹ جنت نصیب کرے ) تھے ۔۔ 
ایک ہونہار سٹوڈنٹ جس نے اپنے مستقبل کے بڑے اچھے اچھے خواب دیکھ رکھے ہیں سائنسدان بننے کی آرزو اور صلاحیت رکھتا ہے میٹرک کے امتحانوں سے کچھ دن پہلے اُس کے کلاس فیلوز مولویوں کی مدد سے اُس پر تبلیغ اور پمفلٹ کی تقسیم کا جھوٹا مقدمہ بناتے ہیں اور وہ جو ابھی تک اپنی ماں کے بازو پر سر رکھ کر سوتا تھا اُس کو عدالت میں بیڑیاں پہنا کرلایا جاتا ہے جو کبھی عام حالات میں چھٹیاں گزارنے بھی اکیلا کہیں نہیں گیا تھا عید کا دن بھی جیل میں گزارتا ہے قصور اُس کا محض احمدی ہونا اور وہ کوئی اور نہیں میرا چچا زاد بھائی تھا ۔
زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے ہاسٹل کا قصہ سُن لیجئے رات کا وقت لائٹ گئی ہوئی ہےکہ اچانک ایک نوجوان خوبصورت مسحور کُن آواز میں تلاتِ قرآنِ کریم شروع کردیتا ہے ارد گرد کے نوجوان آواز کی  طلسم میں آہستہ آہستہ وہاں اکٹھے ہو جاتے ہیں اور حیران ہیں کہ اتنی خوبصورت تلاوت کون کر رہاہے کہ اچانک لائٹ آجاتی ہے ۔۔۔ارے یہ کیا یہ تو وہی مرزائی کافر ہے جِس کا جینا حرام اور جس کا داخلہ ہم نےمیس میں بند کیا ہوا ہے جو ڈائننگ حال میں داخل ہو تو مسلمانوں کے ایمان کے ساتھ ساتھ ڈائننگ حال بھی پلید ہو جاتا ہے ۔۔سب بڑبڑاتے کوستے اپنے اپنے کمروں میں چلے جاتے ہیں۔۔۔وہ لڑکا خاکسار کا چھوٹا بھائی تھا 
 جو ہے خدا کا آدمی اسکی ہے سلطنت الگ"
ظلم نے ظلم سے اگر ہاتھ ملا لیا تو کیا
 عبید اللہ علیم" 
تو یہ چند واقعات ہیں جو خاکسار نےیادوں کے جھروکوں میں سے نکال کر یہاں بیان کئے ہیں ورنہ خاکسار کی سات سالہ ہاسٹل کی زندگی جہاں آپ اکیلے احمدی ہوں وہاں ہر دن کا ذہنی ٹارچر بیان ہی نہیں کیا جا سکتا۔۔۔اور یہ بھی خاکسار نے کوئی ہمدردیاں سمیٹنے کے لئے نہیں لکھا محض اس لئے کہ وہ لوگ جو کہتے ہیں کہ "تم لوگوں کو کیا تکلیف ہے یہاں " محض ہلکی سی جھلک ہے یہ ۔۔۔
ورنہ ہم تو اپنے غم و الم کی فریاد محض اللہ تعالی سے ہی کرتے ہیں اور یہ بات میں تب بھی جانتی تھی جب ابھی میں درد کا مطلب بھی صحیح سے نہیں جانتی تھی ۔۔۔مجھے یاد ہے جب ضیالحق نے اپنا اسلام نیا نیا رائج کیا تھا اور احمدیوں پر زندگی اپنی مرضی سے گزارنے کا حق بھی چھین لیا تھا اُس وقت میں بہت چھوٹی تھی مجھے نہیں پتہ تھا کہ جب ہم جمعہ پڑھنے جاتے ہیں تو امام صاحب اور مقتدی سب مسلسل کیوں سسکیاں لیتے رہتے ہیں ۔۔نماز میں کھڑے ہوتے ہی سب کی چیخیں کیوں بلند ہو جاتی ہیں سب کی نماز محض آنسو ہی کیوں بن گئی ہے ، سب روتے اور خاکسار بھی روتے روتے سجدوں میں اللہ تعالی سے فریاد کرتی رہتی کہ سب کی تکلیف دور کر دے مالک ۔۔۔تو مسجد سے باہر کھیلنے والے دوسرے مسلمان بچے مجھے پوچھتے کہ تم لوگ نماز پڑھتے ہوئے اتنا روتے کیوں ہو تو میں جواب دیتی "ہم اپنے خدا کے سامنے ہی روتے ہیں کسی اور کے سامنے تو نہیں" تو پیارے قارئین
اگر ہم کبھی آواز اُٹھائیں تو اُس کا مقصد محض یہ ہوتا ہے کہ ظالم کو احساس ہو سکے کہ وہ ظلم کر رہے ہیں غلط کر رہے ہیں شائد اس طرح وہ ظلم سے باز آجائیں ۔۔۔
ہم اِن دنیاوی خداؤں سے کبھی انصاف کی نہ ہی امید رکھتے نہ ہی بھیک مانگتے کہ
ہمیں یقین ہے اوپر بھی اک عدالت ہے 
اُسی کے فیصلے چلتے ہیں اور چلنے ہیں
خدا تعالی کی قائم کردہ جماعتوں کو نہ تو دنیاوی طاقتیں مٹا سکتی ہیں نہ اُن کی ترقیات روک سکتی ہیں محض ظلم کر سکتی ہیں ۔۔۔اور ہم تو خدا تعالی کے فضل و کرم سے دن بدن خدا تعالی کے فضلوں کے نظارے انفرادی طور پر بھی اور اجتماعی طور پر بھی دیکھتے ہیں یہ ظلم و نفرت کے قصے تو اُس کے مقابلے کچھ بھی نہیں جتنا پیار ہمارا خدا ہم سے کرتا اور جتنا فضل  اُس نے ہم پہ کیا اور مسلسل کرتا جا رہا الحمدللہ ۔۔ہم تو صرف لوگوں کو اُن کے غلط رویوں اور ظلموں کا احساس محض اُن کو گناہ سے بچانے اور برائ سے روکنے کی خاطر اور سچ بتانے کی خاطر کرتے ہیں ۔۔ اور یہی حقیقت ہے ۔۔۔
اللہ تعالی سب کو سچ سننے سمجھنے اور اُس پر عمل کی توفیق عطا فرمائے 

14 comments:

  1. very true picture of the society where we are living silently

    ReplyDelete
  2. کیا کہا جا سکتا ہے سوائے اس کے میں شرمندہ ہوں اس ملک مین ''اکثریتی'' فرقےسےہونےپر۔۔۔کاش ہم مسلمان ہونےسے پہلے اچھےانسان ہو سکیں۔

    ReplyDelete
  3. تحریر بہت جاندار اور شاندار ہے۔ ماشاءاللہ۔
    یہ تصویر کا ایک رُخ ہے اور بھرپور سچ ہے۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ جماعت احمدیہ کے کارکنوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ ٹوٹے، وہ اپنے بچوں سمیت در بدر ہوئے۔ اپنی زمینیں، گھر، رشتہ دار سب سے دور ہوئے۔ بطور مسلمان، انسان، اور پاکستانی میں اس پر نہایت شرمندہ ہوں۔ آپ سے معذرت خواہ ہوں۔ شاید کسی کے دکھ میں میری معذرت سے کمی ہو سکے۔
    لیکن اگر ظلم و ستم کی بات کریں تو لسانی بنیاد پر ایم۔کیو۔ایم پر بہت مظالم ہوئے، سیاسی بنیاد پر پہلزپارٹی پر مظالم ہوئے، اُن کی لیڈرشپ کو ہی مار دیا گیا۔ مشرف دور سیکولرازم یا ترقی پسند کے نام پر دیوبند پر بہت صعوبتیں آئیں۔
    نقطہ میرا یہ ہے کہ لیڈرشپ کے کیئے کام پر ظلم ہمیشہ کارکن سہتے آئے آئے ہیں۔
    اب دوسری بات کہ اقلیت۔ شیعہ مکتب فکر کے چند تنظیموں کو چھوڑ کر باقی شیعہ برادری تمام دینا میں مسلمانوں کی اقلیت نہیں سمجھی جاتی۔ یہ بہرحال ایک لڑائی ہے جو چند بڑے ممالک کی جن کا ایندھن اُس مکتب فکر کے لوگ بنتے ہیں۔ ایک اہم سوال کہ اقلیت کی تعریف کیا ہے؟ اور پھر قادیانی، جماعت احمدیہ برصغیر میں کیوں وجود میں آئی؟ چودہ سو سال میں نبی ص کے بعد صحابہ اکرام، تابعین تبع تابعین، اولیاء اور بہت سے امام گزرے۔ مسلمانوں نے دنیا پر حکمرانی کی لیکن کسی نے یہ دعوا نہیں کیا جو جماعت احمدیہ کے بُزرگ نے کیا۔ آخر وہ کونسا علم تھا جو ان تمام پاکیزہ ہستیوں سے دور رہا اور انیسویں صدی میں اسلام کے چودہ سو سال بعد منظر عام پر آیا؟ اور پوری دینا میں کہیں بھی دوسرے بزرگان دین نے اُس کی توثیق نہیں کی۔ آخر افریقہ، مشرق وسطی، یورپ، امریکہ میں کوئی جماعت احمدیہ کے بزرگ کے دعوے کے ساتھ کھڑا نہیں ہوا؟ بہت سارے اہم سوالات ہیں۔
    پھر کہوں گا کہ جماعت احمدیہ پر ہونے والے مظالم کا ان سوالات سے کوئی تعلق نہیں۔ وہ ظلم تھا، ہے اور رہے گا۔
    میں مذہبی بحث سے ہمیشۂ کتراتا ہوں لیکن اس تحریر پر ضروری سمجھا کہ شاید کچھ جواب دوں۔
    اگر کسی کی دل آزاری ہوئی تو معذرت۔ اور اگر مزید تصحیح کرنا چائے تو میرے ٹویٹر ایڈریس پر ٹیگ کر کے کر سکتا ہے۔ @aqbh5
    عاقب حسن۔

    ReplyDelete
    Replies
    1. جزاک اللہ عاقب صاحب آپ کا تجزیہ بہت حد تک درست اور سوالات غور کرنے اورجواب دینے کے لائق ۔۔جو آپ کو وہیں دوں گی جو لنک آپ نے دیا ۔۔بہر حال ہمارا عقیدہ ہے کہ حضرت مرزا صاحب علیہ السلام رسول کریم صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشنگوئیوں کے عین مطابق اور قرآن کی رو سے مقررہ وقت پر تشریف لائے اور آپ کا دعویٰ درست ہے ۔۔۔تفصیلی گفتگو رہے گی انشاءاللہ

      Delete
  4. This comment has been removed by the author.

    ReplyDelete
  5. This comment has been removed by the author.

    ReplyDelete
  6. آپ نے بلاگ پڑھا شکریہ ۔۔کمنٹس کا بھی شکریہ اور جواب میں محض یہ کہوں گی کہ ۔۔۔لعنت الله على الكاذبين
    ۔۔ہم دونوں میں سے جو جھوٹا ہے اُس پر خدا کی لعنت آپ اگر سچے ہیں تو آمین کہہ دیجئے ۔۔۔ جزاک اللہ

    ReplyDelete
  7. This comment has been removed by the author.

    ReplyDelete
  8. This comment has been removed by the author.

    ReplyDelete
  9. جب خاکسار نے عرض کردیا تھا کہ "لعنت اللہ علی الکاذبین" دعا ہی کافی ہے فیصلہ کے لئے تو مزید کمنٹس کی ضرورت نہیں تھی ۔۔یہ میرا بلاگ ہے اور یہاں نفرت پھیلانے کی اجازت میں کسی کو نہیں دے سکتی آپ بلاگ لکھئے جو دل چاہے کیجئے کبھی منع نہیں کروں گی ۔۔لیکن یہاں مزید آپ کو محنت کرنے کی ضرورت نہیں شکریہ سکرین شاٹ لیں کچھ بھی کریں اس کے بعد یہاں آپ کے کمنٹس کچھ بھی ہوں جگہ نہیں پا سکتے ۔۔۔یہاں آپ کا قانون نہیں چل سکتا اور نفرت سے بھرے فضول الفاظ کی نہ جگہ ہے نہ ضرورت ۔۔۔امید ہے آئندہ سمجھداری اور پڑھے لکھے ہونے کا ثبوت دیتے ہوئے مجھے معاف ہی رکھیں گے ۔۔۔سلام

    ReplyDelete
  10. khuda tala ny apny mehboob nabi sy bhi qura'an m ye he farmaya k agar tu bhi mery mutaliq koi jhooti baat kehta to m tujy bhi teri shehrag sy pakar leta or usy kaat deta to phr baat sedhi si hai jo bhi khuda per jhoot ghar raha hai wo pakra jaye ga mazeed behes krna fuzool hai

    ReplyDelete
    Replies
    1. جی بالکل ایسا ہی ہے خدا پر جھوٹ باندھنے والے کی رسی کبھی لمبی نہیں ہوتی ۔۔۔بہت شکریہ آپ کی آراء کا
      جزاک اللہ

      Delete